ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / یڈیورپا مودی سے کسانوں کے قرضہ جات معاف کروائیں،سدرامیا کا مشورہ

یڈیورپا مودی سے کسانوں کے قرضہ جات معاف کروائیں،سدرامیا کا مشورہ

Sat, 22 Apr 2017 02:50:51    S.O. News Service

بنگلورو:21/اپریل(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کو مشورہ دیا ہے کہ ریاست میں کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے متعلق من مانے بیانات دینے کی بجائے وہ راست طور پر وزیر اعظم مودی کے سامنے بیٹھ کر ریاست کے کسانوں کی طرف سے قومی بینکوں سے لئے گئے 42ہزار کروڑ روپیوں کے قرضے معاف کروادیں اس کے بعد ریاستی حکومت کوآپریٹیو اداروں کے ذریعہ لئے گئے دس ہزار کروڑ روپیوں کے قرضے معاف کرد ے گی۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یڈیورپا کی طرف سے بارہا کسانوں کے قرضہ جات کو لے کر جھوٹ پر جھوٹ بولا جارہا ہے، اب یہ جھوٹ دیر تک چلنے والا نہیں ہے۔ ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ کے ووٹروں نے انہیں دکھا دیا ہے کہ کرناٹک کے عوام ان کے اس جھوٹ کو ماننے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا ضمنی چناؤ سے پہلے یہ سمجھ بیٹھتے تھے کہ وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ بن چکے ہیں اور اگلے انتخابات میں ان کی پارٹی کا اقتدار پر آنایقینی ہوچکا ہے، لیکن دونوں حلقوں کے عوام نے بی جے پی کو اس کی اوقات دکھادی ہے۔ کم از کم اب یڈیورپا اپنے جھوٹ کا سلسلہ ترک کردیں اور ریاست کے کسانوں سے اگر واقعی ہمدردی رکھتے ہیں تووزیر اعظم سے گذارش کریں کہ قومی بینکوں سے لئے گئے قرضوں کو معاف کریں۔ جہاں تک ریاستی حکومت کا سوال ہے مرکزی حکومت کی طرف سے قرضے معاف کرتے ہی ریاستی حکومت اپنی پہل کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاستی حکومت نے ہمیشہ سے ریاست کے کسانوں اور عوام کی ترقی کیلئے متعدد قدم اٹھائے ہیں۔ اس موقع پر وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ ریاستی حکومت نے انتخابی منشور میں جو وعدے کئے تھے ان میں سے بیشتر کو پورا کردکھایا ہے۔ حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام نے جس جوش وخروش کے ساتھ کانگریس کا ساتھ دیا ہے، کانگریس پارٹی اسی جوش وخروش کو اگلے اسمبلی انتخابات تک بھی برقرار رکھنے کی خواہاں ہے، انہوں نے کہاکہ بنگلور،ملولی اور میسور روڈ میں عنقریب 13ہزار کروڑ روپیوں کی لاگت پر ترقیاتی کام شروع کئے جائیں گے۔حکومت کی ان سہولتوں کا استعمال کرتے ہوئے مقامی لوگ معاشی طور پر پیش رفت حاصل کرسکیں گے۔اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی پی ایم نریندر سوامی بھی موجود تھے۔


Share: